فحاشی کی بہت سی قسمیں - عطا ء الحق قاسمی



فحاشی کی بہت سی قسمیں
عطا ء الحق قاسمی

فحاشی کی بہت سی قسمیں ہیں مثلاً
·      جھوٹ بولنا فحاشی ہے۔
·      وعدہ خلافی فحاشی ہے۔
·      اشیائے خورونوش میں ملاوٹ فحاشی ہے۔
·      جعلی ادویات تیار کرنا اور اُنہیں فروخت کرنا فحاشی ہے۔
·      غبن کرنا اور رشوت یا کمیشن لینا فحاشی ہے۔
·      اربوں روپے قرض معاف کرانا فحاشی ہے۔
·      لوگوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنا فحاشی ہے۔
·      اسمگلنگ فحاشی ہے۔
·      ججوں کی خرید وفروخت فحاشی ہے۔
·      وکیلوں کی مار کٹائی فحاشی ہے۔
·      انتہا پسندی فحاشی ہے۔
·      غیر ملکی فنڈنگ سے بنائی گئی این جی اوز کے ذریعے غیروں کے ایجنڈے کے لئے کام کرنا فحاشی ہے۔
·      آئین توڑنا فحاشی ہے۔
·      مخلوط تعلیم فحاشی ہے۔
·      عورتوں مردوں کا ایک دوسرے سے گفتگو اور میل جول فحاشی ہے۔
بلکہ میرے نزدیک تو عورت ذات کو گھروں میں بند رکھنا چاہئے، نہ یہ گھر سے باہر قدم رکھے گی اور نہ کسی کے دل میں فاسد خیالات پیدا ہوں گے۔



اِس طرح کی اور بھی بہت سی فحاشیاں ہیں جن کے شکنجے میں پاکستانی عوام آئے ہوئے ہیں اور اُن کا سانس لینا بھی محال ہو رہا ہے۔

یہ سب کچھ برداشت ہو سکتا ہے لیکن ایک فحاشی ایسی ہے جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں کیونکہ وہ ان تمام فحاشیوں سے بڑھ کر ہے۔

اور یہ فحاشی ہے میوزک کنسرٹ ۔

مگر میرا ایک دوست میری اِس رائے سے متفق نہیں۔


میرے دوست نے پوچھا:

یہ جو نوجوان لڑکیاں پھٹے پرانے کپڑوں میں سڑکوں پر بھیک مانگتی نظر آتی ہیں، کیا تم اِسے فحاشی سمجھتے ہو۔
میں نے کہا بالکل فحاشی ہے۔ 


میرے دوست نے پوچھا:

یہ جو ایک کمرے کے مکان میں میاں بیوی اور اُن کے نوجوان بیٹے بیٹیاں زمین پر ایک ساتھ سوتے ہیں کیا یہ فحاشی ہے؟
میں نے کہا بالکل فحاشی ہے۔ 


میرے دوست نے پوچھا:

یہ جو شادی کی عمر تک پہنچنے کے باوجود غربت کی وجہ سے نوجوان نسل بڑھاپے کی دہلیز تک پہنچ جاتی ہے کیا یہ فحاشی نہیں ہے۔
میں نے کہا بالکل فحاشی ہے۔ بلکہ اِس سے فحا شی کو فروغ ملتا ہے۔

اُس نے پوچھا اور
یہ جو لوگ گھر میں چولہا نہ چل سکنے، بچوں کو تعلیم نہ دے سکنے اور مکان کا کرایہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جسم فروشی کی راہ پر چل نکلے ہیں یہ کیا ہے۔
میں نے کہا یہ تو سراسر فحاشی ہے۔

اور آخر میں اُس نے پوچھا
اِن تمام فحاشیوں کا راستہ روکنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
میں نے جواب دیا
اُن کا صرف یہ حل ہے کہ میوزک کنسرٹس پر پابندی عائد کردی جائے۔

Comments

Popular posts from this blog

وطن جي حب

اسان جو وطن (پيارو پاڪستان)

محنت ۾ عظمت